ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پیغمبراسلام محمدﷺ بل کے تعلق سے ریاست بھر میں بیداری مہم ، اگر مہاراشٹر میں یہ قانون منظور کر لیا گیا تو دیگر ریاستیں بھی اس کی تقلید کر یں گے

پیغمبراسلام محمدﷺ بل کے تعلق سے ریاست بھر میں بیداری مہم ، اگر مہاراشٹر میں یہ قانون منظور کر لیا گیا تو دیگر ریاستیں بھی اس کی تقلید کر یں گے

Mon, 22 Nov 2021 23:29:33    S.O. News Service

ممبئی، 22؍نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) مہاراشٹر ملک کی وہ واحد ریاست ہے جہاں پیغمبر اسلا م حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخی کو قابل سزا جرم قرار دینے کا بل ریاستی قانون ساز کونسل میں پیش کردیا گیا ہے وہاں سے منظوری کے بعد یہ بل اسمبلی میں منظور ہوگا اور تمام مراحل سے گذر کر قانون بن جائیگا۔ اس قانون کے مسودہ کی تیاری اور اس کے لئے جدوجہد کے پس پردہ بہوجن ونچت اگھاڑی کے سربراہ پرکاش امبیڈ کر کی حکمت عملی اور منصوبہ بندی کار فرما ہے۔ اس بل کے تعلق سے لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کے لئے پورے مہاراشٹر میں 22؍نومبر بروز پیر کو ممبئی سمیت تمام اضلاع میں بیداری مہم چلائی جائیگی اور ضلع ہیڈکوارٹر پر دھرنے دیئے جائیں گے۔ 

بل کا ڈرافٹ تیار کرنے والی کمیٹی کے کنوینر عبدالباری خان اور ونچت بہوجن اگھاڑی کے خازن ابوالحسن خان نے ایک بیان میں بتایا کہ ممبئی شہر اور مضافات میں تین مقامات پر مظاہرے ہونگے۔ پہلا سب سے بڑامظاہرہ باندرہ کے کلکٹر آفس میں دوسرا بور یولی میں تحصیل کے دفتر میں اور تیسرا مظاہرہ اولڈ کسٹم ہاؤس میں ہوگا۔ یہ مظاہرے ونچت بہوجن اگھاڑی کی مہاراشٹرا یونٹ کی صدر ریکھا تائی ٹھاکر کی قیادت میں ہونگے۔ 

اس بل کے محرک اور بہوجن ونچت اگھاڑی کے لیڈر ایڈوکیٹ پرکاش امبیڈ کرنے اس نمائندہ سے بات چیف کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دانستہ طور پر بل کا مسودہ قانون ساز کونسل میں پیش کیا ہے اگر اسمبلی میں پیش کرتے تو اسمبلی کے تحلیل ہونے کی صورت میں یہ بل بھی ختم ہوجاتا لیکن چونکہ قانون ساز کونسل تحلیل نہیں ہوتی اس لئے بل کا مسودہ کونسل میں پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مہاراشٹر میں یہ قانون بن جاتا ہے تو ملک کی دگیر ریاستوں کو بھی اس طرح کا قانون بنانے کی تحریک ملے گی اور ریاست مہاراشٹر کے لئے یہ اعزاز کی بات ہوگی۔ 


Share: